دنیا کی امیر ترین سربراہ مملکت ملکہ الزبتھ دوم کی ذاتی دولت کتنی تھی؟

الزبتھ ثانی سے قبل برطانیہ میں طویل ترین عرصے تک حکمرانی کا ریکارڈ ملکہ وکٹوریہ نے قائم کیا تھا،  ملکہ وکٹوریہ کا دور اقتدار 1901ء میں ختم ہوا تھا اور وہ 63 برس، سات ماہ اور دو دن تک تخت نشین رہی تھیں، الزبتھ دوم کے عہد میں برطانیہ میں 15وزراء اعظم تبدیل ہوئے۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا شمار دنیا کی امیر ترین سربراہ مملکت میں ہوتا تھا، ان کی ذاتی دولت 50کروڑ ڈالر تھی جو اب بادشاہ چارلس کو تفویض کردی جائے گی۔

برطانوی شاہی خاندان کی فرم کی مالیت 28ارب ڈالر ہے،  ملکہ الزبتھ کی عمر 96 برس تھی اور انھیں  دنیا کی سب سے عمر رسیدہ سربراہ مملکت اور بزرگ ترین شاہی حکمران رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا،  عالمی سطح پر الزبتھ ثانی سے بھی زیادہ عرصے تک صرف دو بادشاہ حکمران رہے ہیں، ایک فرانس کے لوئی چہاردہم جو 1643 سے لے کر 1715 تک 72 برس سے بھی زیادہ عرصے تک بادشاہ رہے تھے۔

دوسرے تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول تھے، جن کا انتقال اکتوبر 2016 میں ہوا تھا،  وہ 70 برس اور چار ماہ تک حکمران رہے تھے،  الزبتھ ثانی تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول کی بہت طویل حکمرانی کا ریکارڈ توڑنے کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھیں۔

برطانوی ملکہ نے 1952 سے 100 سے زائد ممالک کا سفر کیا،  یہ بھی کسی برطانوی حکمران کے شاہی دوروں کا ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ ستر برسوں میں ملکہ الزبتھ برطانوی دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مجموعی طور پر 150 سے زائد دورے بھی کیے۔

الزبتھ ثانی نے 22 مرتبہ کینیڈا کا دورہ کیا، جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے،یورپ میں انہوں نے سب سے زیادہ دورے فرانس کے کیے، جن کی تعداد 13 بنتی ہے,برطانوی ملکہ بڑی روانی سے فرانسیسی زبان بھی بولتی تھیں، نواسی برس کی عمر میں ملکہ الزبتھ نے نومبر 2015 میں بیرون ملک سفر کرنا بند کر دیا تھا، اخبار ٹیلی گراف کے مطابق وہ تب تک دیگر ممالک کا اتنا زیادہ سفر کر چکی تھیں کہ وہ پوری دنیا کے 42 چکر لگانے کے برابر بنتا تھا۔

ملکہ الزبتھ کا طویل ترین بیرون ملک سفر 168 دنوں کا تھا، جس دوران نومبر 1953 سے لے کر مئی 1954 تک انہوں نے 13 ممالک کے دورے کیے تھے۔

برطانوی سربراہ مملکت کے طور پر الزبتھ ثانی نے تقریباً 21 ہزار تقریبات میں شرکت کی، چار ہزار قوانین کی شاہی منظوری دینے کا اعزاز حاصل رہا اور دیگر ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کے برطانیہ کے 112 دوروں کی میزبانی بھی کی۔

 ملکہ کے دور حکمرانی میں برطانیہ میں 15 وزرائے اعظم لندن میں ملکی حکومت کی سربراہی کر چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.