حکومت نے قیام امن میں تساہل برتا تو عدلیہ کردار ادا کریگی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم نے کہاہے کہ اگرنئی حکومت نے امن وامان کے سلسلے میں سستی برتی توعدلیہ اپناکرداراداکرے گی۔ سندھ ہائیکورٹ میں عملے کی بھرتی کے موقع پرمیڈیانمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میری سربراہی میں امن وامان کے بارے میں قانون نافذکرنیوالے اداروں کو اجلاس ہوتاہے اورجلدہی نئی انتظامیہ کے ساتھ مل کرامن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا،اس پرہماری گہری نظرہے، کراچی میں امن وامان کاقیام نئی حکومت کی ذمے داری ہے مجھے یقین ہے کہ وہ دیگرمسائل کی طرح اس پربھی توجہ دیگی،جیسے کیسزآئیں گے عدالتیں ان کے مطابق اپنی ذمے داریاں پوری کریں گی۔قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ میں40کلرکس کی جوائننگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیرعالم نے کہاکہ سندھ ہائیکورٹ سے سفارشی کلچرکاخاتمہ کردیاگیاہے کیونکہ صرف میرٹ کی بنیادپرہی کسی ادارے کی تعمیراورترقی ممکن ہوسکتی ہے اورسندھ ہائیکورٹ نے اس کی بنیادرکھ دی ہے،اس مرحلے پریہ تقرریاں معمولی نظرآتی ہیں لیکن یہ مشکل کام تھا،ان اسامیوں پر پہلے عدالتوں میں فرائض انجام دینے والے افسران کے رشتے داربھرتی کیے جاتے تھے اور ایک ’’نامعلوم‘‘کوٹہ ہوتا تھالیکن اب فیصلہ کیاگیاکہ عدلیہ میں ہرشعبے میں میرٹ پرعمل کیاجائے گا۔ سرکاری خرچے پرکسی نااہل کونہیں پالاجائے گا،ان بھرتیوں میں عدالتی افسران کے بچوں نے بھی شرکت کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے،عدالت نے بھی اپنے اختیارات این ٹی ایس کوسونپ دیے، ساڑھے8ہزار سے زائددرخواستیں موصول ہوئیں، 6ہزار کے قریب امیدواروں نے تحریری امتحان پاس کیا،ان میں سے بھی صرف40کاانتخاب کیاگیا،ان ملازمین کومیرٹ کا اعتماد حاصل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.