حکومت نے عوام پر ہر ہفتے بجلی گرانا شروع کردی، منور حسن

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے نیپرا کی طرف سے چند روز میں 2دفعہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے بجائے عوام پرہرہفتے بجلی گرانا شروع کردی ہے ۔ سابق حکومت نے آئی ایم ایف کا پھندا اپنی گردن میں ڈال کراربوں ڈالرقرض حاصل کیا ، موجودہ حکومت بھی اپنی پیشرو حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر کی خطیر رقم بطور قرض حاصل کرنے کے لیے اس سے مذاکرات کررہی ہے،موجودہ اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ منورحسن نے کہاکہ بجلی تیل اورگیس کی قیمتوں میں اضافے سے تمام شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثرہورہے ہیں خاص طور پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اورقیمتوں میں اضافے نے صنعت، زراعت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔صنعتیں اورکارخانے بند ہوچکے ہیں جس سے نہ صرف لاکھوں مزدور بے روزگارہوئے ہیں بلکہ ملکی تجارت کا حجم بھی بری طرح بگڑگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرنے کے بجائے غریب عوام پرٹیکس میں اضافہ کرتی چلی جا رہی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.