حکومت توانائی بحران جنگی بنیادوں پر حل کرے، طارق سعید

کراچی: کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کاسی) کے نائب صدر طارق سعید نے حکومت پرتمام دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے توانائی بحران جنگی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا ہے تاکہ ملکی معیشت کو مکمل طور پر تباہی سے بچایا جا سکے، توانائی بحران نے صنعتی عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں صنعتی یونٹس بنداوربیروزگاری پھیل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تھر میںکوئلے کی شکل میں توانائی کا سمندر موجود ہے مگر اس سے توانائی کا ایک یونٹ بھی تیار نہیں کیا گیا، کول گیسی فیکیشن کے کامیاب تجربے کے باوجود فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تھرکول انرجی فیلڈ کے استعمال میں تاخیر تشویشناک ہے، وزیراعظم نوازشریف کو فیلڈ سے نکلنے والی گیس کے استعمال کے لیے پاور پلانٹ قائم کرنے کے حوالے سے فنڈز فراہم کرنے چاہئیں کیونکہ فیلڈ سے نکلنے والی گیس ضائع ہو رہی ہےانھوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ملکی مفاد میں ہے لہٰذا حکومت کو بین الاقوامی دباؤ سے قطع نظر اس پراجیکٹ پر پیشرفت کرنی چاہیے کیونکہ اس سے ملک میں توانائی کا بحران حل ہوگا۔ انھوں نے تجویز دی کہ حکومت کو ہمسایہ ممالک سے بجلی کے حصول کے لیے انتظامات کرنے چاہئیں اور سرحد پر نیشنل گرڈ اسٹیشن قائم کرنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.