لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کی اے پی سی کے مجوزہ فیصلوں کی ’’ فریکونسی ‘‘ سے آگاہ ہے اور اسے کسی طرح کی کوئی تشویش لا حق نہیں ،مولانا فضل الرحمان ہر دور اقتدار کا حصہ رہے ہیں اس لئے ان سے حکومتی ایوانوں سے دوری برداشت نہیں ہو رہی ، نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے جو بھی انٹر نیشنل قوانین موجود ہیں ان کے مطابق پورا زور لگائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں چھٹی بار اقتدار میںہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں پانچ باریاں لیں، دونوں جماعتوں نے وفاق بھی حکومتیں کی ہیں لیکن ان سے اداروںمیں اصلاحات کے بارے میں سوال نہیں کیاجاتا ۔ تحریک انصاف جو پہلی بار وفاق اور پنجاب میں اقتدار میں آئی ہے اس سے دو سالوں میں ہی معجزے کی توقع کی جارہی ہے ۔ تحریک انصاف نے اپنے منشور میںجو اعلانات کئے تھے مشکل حالات کے باوجود ان پر پیشرفت جاری ہے اور مزاحمت کے باوجود اداروںمیں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ خاتون کا تعلق چاہے پاکستان سے ہو یا کسی اور ملک سے اس کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروںنے 72گھنٹوں میں ملزمان کا سراغ لگایا ہے اور عوام کویقین دہانی کراتے ہیں کہ اس کیس کی پراسیکیوشن میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.