حکومت امن قائم کرے تو2لاکھ ملازمتیں دینگے،جاوید غوری

کراچی: حکومت سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی مکمل بیخ کنی کے علاوہ انفرااسٹرکچرل مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرے تو علاقے میں مختصردورانیے میں ایک ہزار نئی صنعتیں قائم ہو سکتی ہیں، صوبائی وزارت داخلہ نے چند روز قبل ہی صنعتی علاقے کے لیے علیحدہ پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ جس کی عمارت سائٹ سپرہائی وے کے صنعتکارمشترکہ طور پر فراہم کریں گے لیکن تاحال اس تھانے کے لیے افسران اور مطلوبہ نفری تعینات نہیں کی گئی ہے۔ یہ بات سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین جاوید غوری نےسے خصوصی بات چیت کے دوران کہی۔ جاوید غوری نے بتایا کہ چند ہفتے قبل تک2400 ایکڑ اراضی پر مشتمل یہ صنعتی علاقہ 2 پولیس اسٹیشنز کے حدود میں آتا تھا جسکی وجہ سے صنعتی علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں بڑھتی جارہی تھیں، علیحدہ تھانے کے قیام پر علاقے کے صنعتکاروں کو قدرے اعتماد حاصل ہوا ہے اور اس صنعتی علاقے میں اربوں روپے مالیت کی مزید سرمایہ کاری کے ذریعے نئی صنعتوں کا جال بچھانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ صوبائی وزیرصنعت وتجارت شرجیل انعام میمن علاقے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے موقع پر ہی مسائل حل کرنے کے احکام جاری کریں تو صنعتکار حوصلہ مند ہوکر فی الفور خالی صنعتی پلاٹوں پر زیرالتوا منصوبوں پر سرمایہ کاری کرسکیں گے جس سے صرف سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں 2 لاکھ افراد سے زائد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں گے۔ ایک سوال پر جاوید غوری نے بتایا کہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں جرائم کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے صنعت کار اپنی فیکٹریوں میں آنے سے گریزاں ہیں علاقے سے اب تک 4 صنعتکار تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے جن میں سے ایک صنعتکار تاحال بازیاب نہیں ہوسکا، علاقے میں اندھیرا چھاتے ہی جرائم پیشہ عناصرکی سرگرمیاں تیز ہوجاتی ہیں جو فیکٹریوں میں گھس کرتیار مصنوعات، چاول اور خام مال سے لدے کنٹینرز لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں، علاقے سے متصل افغان بستیاںجرائم پیشہ گروہوں کی آماجگاہ ہیں جہاں محکمہ پولیس کو اپنے خفیہ نیٹ ورک کو متحرک کرکے ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کی ضرورت ہے. عیدالاضحیٰ سے قبل ہی سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے کے نئے پولیس اسٹیشن کو باقاعدہ آپریشنل کیا جائے، فی الوقت علاقے میںصرف250 چھوٹی بڑی اور درمیانے درجے کی صنعتیں آپریشنل ہیں جو ایک لاکھ افراد کو روزگار فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ صنعتی علاقے کا علیحدہ تھانہ آپریشنل ہونے کے نتیجے میں صنعتی علاقے سے جرائم کی شرح میں50 فیصد کمی واقع ہوجائے گی۔

تبصرے بند ہیں.