حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ حسن نصراللہ سے ملاقات کے لیے بیروت پہنچ گئے

لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کا قیام عارضی، مستقل آباد کرنے کا کوئی فارمولا قبول نہیں کریں گے،اسماعیل ھنیہ

بیروت(مانیٹر نگ ڈیسک)فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ جماعت کے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ قطر سے لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ گئے ۔ وہ اپنے اس دورے کے دوران ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ سمیت دیگر لبنانی لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنان میں حماس کے مقامی رہ نما اسامہ حمدان نے پریس کو بتایا کہ اسماعیل ھنیہ یقینی طور پر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سے ملیں گے۔ لبنان کے دورے میں ان کے ایجنڈے میں حسن نصراللہ سے ملاقات شامل ہے۔ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینی پناہ گزینوں کو ان کے ملک سے باہر کسی اور جگہ آباد کرنے کی سخت مخالفت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی مہاجرین کو دوسرے ملکوں میں مستقل طور پر آباد کرنے کے خلاف ہیں۔ لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ امن، استحکام اور مفاہمت کا عنوان ہیں۔ فلسطینی لبنان کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی دخل اندازی نہیں کریں گے بلکہ فلسطینی قوتیں تمام لبنانیوں کے درمیان پل کا کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کا قیام عارضی ہے۔ ہم یہاں مہمان ہیں اور لبنان ہمارا میزبان ہے۔ لبنان میں فلسطینیوں کو مستقل آباد کرنے کا کوئی فارمولا قبول نہیں کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.