حج کوٹے میں 20 فیصدکمی کا اطلاق دونوں اسکیموں پرہوگا

اسلام آ باد: وفاقی وزیر مذہبی امورومذہبی ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج کوٹے میں20 فیصد کمی کا اطلاق سرکاری اورپرائیویٹ دونوں حج اسکیموں پرہوگا ممکنہ حد تک عازمین حج کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا اور ان کے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حج آرگنائزز ایسوسی ایشن آف پاکستان ( ہوپ) کے 12 رکنی وفد سے گفتگو میں کیا جس نے پیر کو ان سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تمام ممکنہ اقدامات کریں گے تاکہ عازمین حج کو مذحبی فریضہ ادا کرنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔ عازمین حج کی سہولتیں بہم پہنچانا حکومت اور ’’ہوپ‘‘ کا ایک ہی مقصد ہے۔اللہ کی رضا کے لیے لوگ حج کا فریضہ ادا کرتے ہیں جس میں حائل رکاوٹوں کودورکرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انھوں نے حج گروپ آرگنائزر کو ہدایت کی کہ عازمین حج کی بکنگ کی تفصیلات سے متعلق تمام معلومات منگل تک فراہم کردیں تاکہ کوئی لائحہ عمل تیارکیا جاسکے۔

تبصرے بند ہیں.