حج کوٹے سے متعلق حکومت اور نجی ٹور آپریٹرز کے درمیان معاملات طے پاگئے

اسلام آباد: حج کوٹے کے حوالے سے حکومت اورنجی ٹورآپریٹرز کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد معاہدے پرجلد دستخط کردیئے جائیں گے۔ نجی ٹور آپریٹرز کے وفد سے چوتھی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں سال نجی ٹور آپریٹرز کے حج کوٹے میں کی گئی کٹوتی سے 3 ہزار عازمین کا کوٹہ واپس دے دیا گیا ہے، رواں سال 12 ہزار عازمین کا کوٹہ نجی ٹور آپریٹرز سے لے رہے ہیں جس کے بدلے آئندہ سال نجی ٹور آپریٹرز کو 12 ہزار عازمین کا اضافی کوٹہ دیا جائے گا۔ دوسری جانب چیرمین نجی ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ ہمیں عازمین کی درخواستیں جمع کرانے کے لئے 30 رمضان تک کا وقت ملا ہے جس کے مطابق ہم نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے جانے والے تمام عازمین کی درخواستیں جمع کرادیں گے۔ واضح رہے کہ حرم شریف میں تعمیراتی کام کے حوالے سے سعودی حکومت نے دیگر ممالک کے حج کوٹے میں کمی کرتے ہوئے پاکستان کے کوٹے میں بھی کمی کردی تھی، اس سال پاکستان سے تقریباً ایک لاکھ 79 افراد کو حجازمقدس جانا تھا تاہم کوٹے میں کمی سے یہ تعداد ایک لاکھ 43 ہزار ہوگئی، وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت حجاز مقدس جانے والوں کی تعداد میں تو کمی نہیں کی البتہ نجی اسکیم کے تحت جانے والوں کی تعداد کم کردی جس پر ملک بھر کے حج ٹور آپریٹرز نے احتجاج شروع کردیا تھا

تبصرے بند ہیں.