جوڈیشل کمپلیکس پیشی: توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کی توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا، عدالت نے کیس کو فائل گمشدگی کیس کے ساتھ منسلک کردیا۔عدالت نے آئی جی اسلام آباد سے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق معاملے کی رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ سے بھی رپورٹ طلب کر تے ہوئے سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہائی کورٹ نے عمران خان سے کہا تھا امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو مگر عمران خان نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق سکیورٹی انتظامات کیے تھے، عمران خان نے 17 مارچ کا عدالت کا ایک حکم بھی نہیں مانا، انہیں طلب کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.