دمشق (این این آئی )شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہاہے کہ ایران اور اس کی ملیشیائوں نے معمول کے مطابق ہزاروں جنگجووں کی بھرتی جاری رکھی ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آبزرویٹری نے کہا کہ ایرانی فوج اور اس کے وفادار عسکری گروپ جنوبی شام اور مغربی فرات کے دونوں اطراف میں جنگجووں کی بھرتی کی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔اطلاعات سے انکشاف ہوا کہ جنوبی شام میں ایرانیوں اور ان کے وفادار ملیشیا کی صفوں میں شامل ہونے والے عناصر کی تعداد7400سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ ایرانی افواج اور اس سے وابستہ ملیشیاء کی صفوں میں بھرتی ہونے والے شامی شہریوں کی تعداد قریب 5900ہو گئی۔آبزرویٹری نے تصدیق کی کہ ایرانی فوج اور اس کی وفادار ملیشیا اپنی افرادی قوت بڑھانے کے لیے جنوبی شام اور مغربی فرات کے علاقوں سے بڑی تعداد میں جنگجو بھرتی کر رہی ہے۔شام میں اہم ملیشیائوں کے اثر و رسوخ کے علاقوں میں جنگجوئوں کی بھرتی کئی ماہ جاری ہے۔ دوسرے علاقوں میں بھی ایک ہی طریقہ کار پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.