جنسی زیادتی کے مجرموں کیلئے غیر معمولی قانون سازی کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں‘ صوفیہ احمد

گرفتار ہونے والے عادی مجرم ہیں، اگر نہیں پہلے عبرتناک سزا مل جاتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا ‘ خصوصی گفتگو

لاہور( شوبزڈیسک ) امریکہ میں مقیم اداکارہ صوفیہ احمد نے وفاقی حکومت کی جانب سے جنسی زیادتی کے مجرموں کیلئے غیر معمولی قانون سازی کیلئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یہ اقدام بہت پہلے اٹھا لینا چاہیے تھے، اطلاعات کے مطابق موٹر وے زیادتی کے مجرم پہلے بھی اس نوعیت کی وارداتیں کر چکے ہیں اورعادی مجرم ہیں اور اگر انہیں پہلے عبرتناک سزا مل چکی ہوتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوفیہ احمد نے کہا کہ پاکستان میں جنسی تشدد کے واقعات بہت زیادہ ہو رہے ہیں بالخصوص واقعات کی مجموعی تعداد میں سے 75فیصد کا پنجاب میں ہونا تشویش کا باعث ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کی مثالیں دی جاتی ہیں لیکن اعدادوشمارکو دیکھا جائے توحالات اس کے برعکس ہیں۔انہوںنے کہا کہ میں نے کمسن بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والوں کیخلاف آوازبلند کی تو مجھے ان کی دھمکیوں کی وجہ سے اپنا ملک چھوڑنا پڑگیا ۔حکومت کو چاہیے کہ قانون سازی کو ایکٹ کی شکل دینے کے لئے بغیر کسی وقفے کے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس منعقد کئے جائیں۔

تبصرے بند ہیں.