جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔نیب نے فریال تالپور کے طبی معائنہ کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کر لیا ہے، انھیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔خیال رہے کہ نیب راولپنڈی کی درخواست پر چیئرمین نیب نے فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دیکر انہیں ہاؤس اریسٹ رکھا جائے گا جہاں پر اٹیچ باتھ اور ایک خاتون سکیورٹی گارڈ کی سہولت میسر ہوگی، ان سے تفتیش بھی یہیں ہوگی۔واضح رہے فریال تالپور اور ان کے بھائی آصف زرداری کی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت عدالت نے منسوخ کر دی تھی جس کے فوری بعد نیب حکام نے زرداری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا تھا جبکہ فریال تالپور کے حوالے سے خاتون ہونے کی نسبت سے نیب نے اپنی پالیسی میں تھوڑی نرمی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری 10 جون کو عمل میں لائی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد نیب نے انھیں گرفتار کیا تھا۔گرفتاری سے قبل میڈیا سے گفتگو میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کی گرفتاری دباؤ ڈالنے کے لیے ہے، سیلکٹڈ وزیراعظم کو کچھ پتا نہیں، وزیر داخلہ سب جانتے ہیں، گرفتاری تھرڈ ورلڈ ممالک میں سیاست کا حسن ہے۔ میرے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، ہم نے سزائے موت پر بھی پابندی لگا رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لندن بھاگتا دیکھ رہا ہوں جبکہ پرویز مشرف سیاست دان نہیں، اس لیے گرفتاری سے ڈرتے ہیں۔بعد ازاں انھیں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کر دیا گیا۔ آصف علی زرداری کو بروز منگل مورخہ 11 جون کو سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا جہاں نیب نے ان کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم جج ارشد ملک نے ان 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انھیں 21 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

تبصرے بند ہیں.