ججز کیخلاف ریفرنسز، نون لیگ کا پارلیمنٹ میں احتجاج کا فیصلہ

مسلم لیگ نون نے ججز کے خلاف ریفرنسز پر پارلیمنٹ کے اندر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔مسلم لیگ نون کے مشترکہ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ختم ہو گیا جس میں یہ احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ ریفرنسز عدلیہ پر قدغن لگانے کے مترادف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ پر کسی کو حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریفرنسز کے خلاف نون لیگ نے اصولی مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔سابق اسپیکر ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ ریفرنسز کے خلاف احتجاج کا ہر آپشن استعمال کریں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیت میں اپنی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں ججز کے معاملے پر زور دیا تھا کہ نون لیگ اس حوالے سے حکمت عملی بنائے، جبکہ انہوں نے اپیل کی تھی کہ عوام عدلیہ بچاؤ تحریک کیلئے باہر نکلیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت پسند ججز کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، قوم عدلیہ بچاؤ تحریک کیلئے باہر نکلے، جو اس تحریک میں شامل نہیں ہوگا اسے قوم معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے، اب بس ہو گئی ہے، جس طرح حکومت نے میڈیا کو یرغمال بنایا ہے اب ججز کے خلاف ریفرنس لا رہی ہے،اتنے پاک صاف کردارکے حامل ججزکی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.