تاجروں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے 28 فروری تک مہلت

اسلام آباد: وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے مالیات ہارون اختر خان نے نان فائلرز پر زور دیا کہ وہ سال 2014کے ٹیکس گوشوارے 28 فروری 2016 تک جمع کراکر بینکاری کے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ حاصل کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے سلسلے میں نرم انداز اختیار کیا ہے لہٰذا نان فائلرز کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ ایمانداری سے اپنے مخفی اثاثے، سیلز اور سالانہ آمدن کو ظاہر کرتے ہوئے ٹیکس کے گوشوارے جمع کرادیں جنہیں حکومت ویسے ہی تسلیم کرنے کو تیار ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر آئی آر پالیسی شاہد حسین اسد اور ممبر فیسلیٹیشن ندیم ڈار بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ہارون اختر نے کہا کہ تاجر جائز طریقے سے کاروبار کر رہے ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ ٹیکس ادا کر کے ملک کی معاشی ترقی میں تعاون کریں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت حکومت کو آمدن و اخراجات کی مد میں1700 ارب روپے کے فرق کا سامنا ہے لہٰذا ہر ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کی ذمے داری ہے کہ وہ ملک کے لیے ٹیکس ادا کرے۔

تبصرے بند ہیں.