بین الاقوامی کمپنی ٹیکسپو نے پاکستان میں کاروبار کا آغاز کردیا

کراچی: ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر کی عالمی کمپنی ٹیکسپو نے پاکستان میں 25ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے کاروبار کا آغاز کردیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری آئندہ 3 سے 5سال میں کی جائیگی، ٹیکسپو پاکستان میں پہلی مرتبہ برطانیہ کی اولین کمپنی کینن ٹیکنالوجیز کے تیار کردہ ڈیٹا سینٹر اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر سلوشنز فراہم کرے گی جس کے لیے ایک سال کے عرصے میں کراچی سے گلگت تک 50 پارٹنر نیٹ ورک قائم کیے جائیں گے، ہر پارٹنر نیٹ ورک کے تحت 100 افراد کو براہ راست اور بالواسطہ ہزاروں افراد کو روزگار حاصل ہوگا جو اس سرمایہ کاری کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے۔ ٹیکسپو کے سی ای او سرفراز عالم نے ملاقات میں بتایا کہ پاکستان میں ٹیکسپو اور کینن ٹیکنالوجیز کی آمد آئی ٹی انڈسٹری میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی کیونکہ ٹیکسپو اور کینن ٹیکنالوجیز پاکستان میں آئی ٹی سلوشنز اور ڈیٹا سینٹر کی سہولت کی فراہمی کے لیے زیادہ سے زیادہ مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے مقامی سطح پر بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ آئی ٹی پروفیشنلز کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ 25ملین ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے 25فیصد سرمایہ پاکستانی نوجوانوں اور آئی ٹی پروفیشنلز کی تربیت پر کی جائے گی جس کے لیے پاکستان میں تکنیکی تربیت کے اداروں (پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹس) کے ساتھ شراکت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسپو پاکستان میں کاروباری اداروں، کمپنیوں کے ساتھ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اداروں کے ساتھ بھی مل کر کام کرے گی اور سرکاری امور کی انجام دہی اور گورننس کی بہتری کے لیے موبائل گورنمنٹ (ای گورنمنٹ) کے عالمی تصور کو پاکستان میں فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔سرفراز عالم نے بتایا کہ آئی ٹی سے متعلق درست اور موثر پالیسیاں اختیار کرتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیا جائے تو پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کے موجودہ 2 ارب ڈالر سالانہ کے ریونیو کو بڑھا کر 50ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ برطانوی کمپنی کینن ٹیکنالوجیز کے منیجنگ ڈائریکٹر Matthew Goulding نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی کمپنی نے برطانیہ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اورمتحدہ عرب امارات کے بعد سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بینکنگ اینڈ فنانس، سرکاری ادارے، میڈیا انڈسٹری، ملٹری کمیونی کیشنز، ہاسپٹلز، قانونی مشاورت فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ڈیٹا سینٹر سلوشنز کی جدید اور بہتر ٹیکنالوجیز کی ضرورت ہے، کینن ٹیکنالوجیز کے سلوشنز بجلی کے استعمال میں کفایت بخش ہونے کے ساتھ ماحول دوست بھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.