بینکوں کو رمضان میں اب تک 48 ارب کے نئے کرنسی نوٹ فراہم
کراچی: اسٹیٹ بینک نے رمضان کے دوران کمرشل بینکوں کو 48 ارب روپے سے زائد کے نئے کرنسی نوٹ فراہم کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں کمرشل بینکوں کی 10 ہزار سے زائد شاخوں کے نیٹ ورک اور ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (SBP BSC) کے دفاتر کو بھرپور طور پر استعمال کیا جائے، ایس بی پی بی ایس سی نے کمرشل بینکوں کے برانچ نیٹ ورک کے مطابق انہیں نئے کرنسی نوٹ خصوصاً چھوٹی رقم کے نوٹوں کی کافی تعداد میں فراہمی کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ ملک بھر کے ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر نے 12 جولائی 2013 سے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جو عیدالفطر سے قبل آخری یوم کار تک جاری رہے گا جبکہ کمرشل بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں کی شاخیں عوام، کھاتے داروں اور کارپوریٹ کلائنٹس کو 10 روپے، 20 روپے اور 50 روپے کے کرنسی نوٹوں کی پیکٹ بھی جاری کریں گی۔مزید یہ کہ عوام کی سہولت کے لیے منتخب شہروں میں کمرشل بینکوں کی بعض شاخوں کو نئے نوٹوں کے اجرا کے لیے مراکز قرار دیا گیا ہے جہاں ایس بی پی بی ایس سی کا ایک نمائندہ بھی موجود ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ، موثر اور شفاف طور پر کرنسی نوٹ جاری کیے جا سکیں، ان مقررہ برانچوں سے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا 24 جولائی 2013 سے شروع ہوگا اور عیدالفطر سے قبل آخری یوم کار تک جاری رہے گا، نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر مقررہ برانچوں میں جانے والے افراد اپنے ساتھ قومی شناختی کارڈ اسمارٹ شناختی کارڈ ضرور لے کر جائیں،کمرشل بینکوں کے خلاف ممکنہ عوامی شکایات کے تصفیے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کی ہے جس سے فون نمبر 021-32455470 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ شکایات ای میل ایڈریس freshnotes@sbp.org.pk پر یا ترجمان (قائم مقام) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ای میل ایڈریس umar.siddique@sbp.org.pk پر بھی دائر کی جاسکتی ہیں۔ایس بی پی بی ایس سی نے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے بینکوں کے خلاف کارروائی کا ایک طریقہ کار بھی نافذ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایس بی پی بی ایس سی نے 19 جولائی 2013 تک مختلف رقوم کے 48 ارب روپے سے زائد نئے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.