بیلٹ پیپرز میں غلطی؛ سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا انتخابی عمل ڈیڑھ گھنٹے تک معطل

کراچی: بیلٹ پیپرز میں غلطی کے باعث سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا انتخابی عمل ڈیڑھ گھنٹے تک معطل رہا۔  ڈپٹی اسپیکر کے لئے پیپلز پارٹی کی شہلا رضا، ایم کیو ایم کی ہیر سوہو اور مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی مد مقابل تھیں تاہم بیلٹ پیپرز میں شہلا رضا کی جگہ آغا سراج درانی کا نام درج ہوگیا جو کہ پہلے ہی اسپیکر منتخب ہوچکے تھے، بیلٹ پیپرز میں ہونے والی غلطی کی نشاندہی پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی نے اجلاس کے دوران کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے دوبارہ پولنگ کا کوئی قانون موجود نہیں، اگر پہلے ہی اجلاس میں قانون پر عملدرآمد نہ ہوا تو اگلے 5 برس کیا ہوگا، جس پر اسپیکرآغا سراج درانی نے کہا کہ یہ ایک انسانی غلطی ہے اوراسے ایوان کے ارکان مل کر صحیح کرسکتے ہیں۔ سابق اسپیکر نثار احمد کھوڑو نے معاملہ سلجھاتے ہوئے ایوان کے قوانین کو پڑھ کر سنائے جس کے بعد پولنگ کا عمل ایک بار پھر شروع کردیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.