بھارت کی توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کیلئے دلچسپی خوش آئند ہے، شہباز شریف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کے توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے لئے دلچسپی خوش آئند ہے، پاکستانی ماہرین کا وفد جلد بھارت کا دورہ کرے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے بھارت کے بجلی اور گیس سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، چیف سیکریٹری، سابق نگران وفاقی وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک، سیکریٹری خزانہ، متعلقہ حکام، بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال بگلے، جوائنٹ سیکریٹری وزارت بجلی مسز ریٹا اچاریہ، جوائنٹ سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس پی کے سنگھ، پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ ، جی اے آئی ایل کے نمائندوں اور دیگر ماہرین نے شرکت کی، اجلاس کے دوران امرتسر سے لاہور تک بجلی کی فراہمی کے لئے ٹرانسمیشن لائن اور جالندھر سے جلو تک گیس پائپ لائن بچھانے کے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا گیا، بھارتی وفد نے وزیراعلیٰ کو بجلی کی ٹرانسمیشن لائن اور گیس پائپ لائن بچھانے کے مجوزہ منصوبے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو توانائی کی شدید کمی کا سامنا ہے، توانائی بحران کے باعث معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، دونوں ملک تجارتی، اقتصادی اور معاشی تعلقات کو فروغ دے کر آگے بڑھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مفید معاشی تعلقات کا فائدہ عوام کو پہنچے گا، دونوں ملکوں کو پرامن ہمسایوں کی طرح رہنا ہے، مفید اور قابل عمل تجاویز کو وزیراعظم کے سامنے پیش کروں گا۔ انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال بگلے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری انداز میں پرامن انتقال اقتدار ہوا، بھارتی قیادت نے نئی حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.