بھارت سے مذاکرات کا امکان ختم، جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں,وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کا امکان ختم ہوگیا، مذاکرات کے لیے تمام تر کوشش کی لیکن اب مودی سرکار سے بات چیت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے مابین جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے امریکی اخبار کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا خطے میں قیام امن کے لئے بھارت کی طرف کئی بار ہاتھ بڑھایا اور بات چیت کی کوشش کی لیکن بد قسمتی سے بھارت نے ان تمام کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا وہ جب ماضی میں جھانکتے ہیں تو انہیں خطے میں قیام امن کی خواہش اور بھارت سے بات چیت کے لئے کی گئی اپنی تمام کوششیں رائیگاں ہوتی نظر آئیں۔عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے اور وادی میں انسانی حقوق کو پامال کرنے پر بھارت سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی امن فوج اور مبصرین مقبوضہ کشمیربھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا 2 ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو سکتا ہے، کشیدگی بڑھنے کاخطرہ ہے، دنیا کو اس صورتحال سے خبردار رہنا چاہیے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کی جانیں خطرے میں ہیں، خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہونے والی ہے، نئی دلی حکومت نازی جرمنی جیسی ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی تباہ کن صورتحال کے خدشے سے آگاہ کر دیا۔

تبصرے بند ہیں.