بلوچستان میں سیکڑوں علیحدگی پسند باغیوں نے ہتھیار ڈال دیے

کوئٹہ: 

بلوچستان میں سیکڑوں علیحدگی پسند باغیوں نے ہتھیار ڈال دیے۔

مختلف کالعدم تنظیموں کے 313 فراری جنگجو ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔ بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں ہتھیار ڈالنے کی تقریب ہوئی جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کے سامنے فراریوں نے ہتھیار ڈالے۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے فراریوں کو فی کس ایک ایک لاکھ روپے بھی دیے گئے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرنڈر کرنیوالوں کو مزید مراعات دینے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم نے بھی شرکت کی۔ حکام کے مطابق سرنڈر کرنے والوں میں 17 کمانڈرز سمیت 300 سے زائد فراری شامل ہیں۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے اندر اور باہر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے جبکہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.