بشیرخان قریشی کی سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کےخلاف سندھ کےمختلف شہروں میں ہڑتال

حیدر آباد: جئے سندھ قومی محاذ کے مرحوم چیئرمین بشیرخان قریشی کی سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کے خلاف اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں مکمل شٹرڈاؤن اورپہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔ جئے سندھ قومی محاذ کی اپیل پرہونے والی ہڑتال کی وجہ سے حیدرآباداورسکھرمیں تعلیمی ادارے، کاروباراور ٹرانسپورٹ جزوی بند ہے جب کہ جامشورو، کوٹری، ٹنڈو محمد خان، نواب شاہ، ٹھٹھہ، سجاول، میرپوربھٹورو، بدین، کنڈیارو، پڈعیدن، لاڑکانہ، نوڈیرو، رتوڈیرو، باقرانی، وارہ، نصیرآباد، کشمور، خیرپور، فیض گنج اوردیگرعلاقوں میں مکمل شٹر ڈاؤن اورپہیہ جام ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی مکمل طور پر معطل ہے، ہڑتال کے باعث سپرہائی وے اورقومی شاہراہ پرٹریفک بھی معمول سے انتہائی کم ہے۔ ہڑتال کے موقع پر مختلف شہروں میں جسقم کے کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ بشیر خان قریشی اپریل 2012 کو پر اسرار انداز میں انتقال کرگئے تھے، سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جبکہ ان کی جماعت کا موقف ہے کہ انہیں زہر دے کر مارا گیا ہے، اسی سلسلے میں جئے سندھ قومی محاذ ہڑتال کی کال دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.