برآمدی شعبوں کی مقامی سپلائز پر ودہولڈنگ ٹیکس 5 فیصد کم

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکسٹائل، کارپٹ، لیدر، اسپورٹس سمیت 5 برآمدی شعبوں کی تیار کردہ اشیا کی مقامی مارکیٹ میں سپلائی پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 6 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دی ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کی طرف سے گزشتہ روز باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن نمبر 669(I)/2013 جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کے دوسرے شیڈول کے چوتھے پارٹ کی سیکشن 45 اے میں ترامیم کر دی گئی ہیں۔ اس بارے میں جب ایف بی آر کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ایف بی آر نے زیرو ریٹنگ کی سہولت ختم کردی ہے اور زیرو ریٹڈ سیکٹر کی مقامی مارکیٹ میں فروخت ہونے ولی اشیا پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا ہے۔لیکن سیلز ٹیکس میں زیرو ریٹنگ ختم ہونے سے زیرو ریٹڈ سیکٹر کو انکم ٹیکس میں ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں حاصل رعایت بھی ازخود ختم ہوگئی تھی اور مذکورہ 5 شعبوں کو کہیں ساڑھے 3 فیصد اور کہیں 6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا جسے کیلیے اب یہ ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور اس نوٹیفکیشن کے ذریعے ٹیکسٹائل، کارپٹ، لیدر، سرجیکل اور اسپورٹس مصنوعات کی مقامی سپلائی پر 1 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی سہولت بحال کردی گئی ہے، اس نوٹیفکیشن کے تحت آئندہ ٹیکسٹائل، کارپٹ، لیدر، اسپورٹس وسرجیکل گڈزسیکٹرز کی تیار کردہ مصنوعات کی مقامی مارکیٹ میں سپلائی پر 1 فیصد کی رعایتی شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.