بجلی چوروں سے کوئی سمجھوتا نہیں کیاجائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کےخلاف سخت اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں انرجی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی بحران نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے، گزشتہ دور میں ملک کو مسائل سے نکالنے کے بجائے اس میں مزید اضافہ کیا گیا، نندی پور پاور پروجیکٹ کو بروقت مکمل نہ کرکے جہاں اس کی لاگت میں اضافہ کیا گیا وہیں اس منصوبے کی اربوں روپے کی مشینری کراچی کی بندرگاہ پر پڑے پڑے زنگ آلود ہوگئی اور تاروں سے تانبا تک چوری کرلیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے حکومت بھر پور منصوبندی سے آگے بڑھ رہی ہے اس سلسلے میں قومی توانائی پالیسی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے تحت بجلی اور گیس چوری ناقابل ضمانت جرائم ہوں گے۔ اگر کہیں بجلی چوری پکڑی گئی تو لائن مین کو گرفتار کرنے کے بجائے اس صنعتی یونٹ کے مالک ، واپڈا کے متعلقہ ایس ڈی او اور ایکسئین گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متبادل ذرائع سے سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں جس کے تحت چولستان میں 7ہزار 500 ایکڑ پر سولر پارک بنایا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.