بجلی مہنگی کرنا ظالمانہ اقدام ہے،مہنگائی کا سیلاب آنیوالا ہے،سیاستدان

لاہور: سیاسی ومذہبی جماعتوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اپنے نہیں آئی ایم ایف کے منشور پر عمل کر رہی ہے۔ نہ جانے حکمران عوام سے کس بات کا ’’انتقام‘‘ لے رہے ہیں،خدا کے واسطے مہنگائی، بیروزگاری کے بم برسانے کا سلسلہ بند کرے،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے اگرحکمرانوں نے اپنا رویہ صحیح نہ کیا تو سیلاب انھیں بھی بہا کر لے جائے گا، لگتا ہے ن لیگ چاہتی ہے کہ عوام انھیں دھکے دے کر اقتدار سے نکالیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے پراپنے رد عمل میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید اور صوبائی صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ چند دنوں میں پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور جی ایس ٹی کے نفاذ سے ثابت ہو گیا ہے کہ ن لیگ کی دوستی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے۔جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اضافہ فوری واپس لیاجائے۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ اور صوبائی صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ن لیگ غریب عوام کو ریلیف دے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے صدر حامد ناصر چٹھہ اور سابق صوبائی سیکریٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام حکمرانوں کواقتدار سے چلتا کریں گے۔ ق لیگ کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر چوہدری مونس الٰہی اور صوبائی جنرل سیکریٹری چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ ن لیگ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کی علامت بن چکی ہے ۔سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت قوم پر رحم کرے اور مسائل میں اضافے کے بجائے مسائل کو حل کیا جائے۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اخراجات کم کیے جائیں۔جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کے حملوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی متاثر ہو گا اسلیے فوری طور پراضافہ واپس لیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.