این اے 139 قصور میں سوا لاکھ جعلی ووٹ پڑے، پیپلز پارٹی

لاہور: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاہے کہ الیکشن 2013 میں دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑے گئے۔ صرف ایک حلقہ این اے 139 قصور میں ایک لاکھ 34 ہزار ووٹ فرضی اور جعلی ڈالے گئے، پیپلزپارٹی کی طرف سے متعلقہ ریٹرننگ افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جا رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ اس دھاندلی پر ازخود نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی، حلقے سے پارٹی امیدوار چوہدری منظور احمد، ندیم افضل چن، زاہد ذوالفقار خان، رانا اشعر نثار، فضل الرحمان بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بہت سارے حلقوں سے جان بوجھ کر ہرایا گیا اس طرح ہم نے ایک حلقہ این اے139قصور کوٹیسٹ کیس کے طور پر چیک کیا تو وہاں سے جو حقائق پتہ چلے ہیں وہ یہ ہیں۔ اس حلقہ میں 177ایسے پولنگ سٹیشن ہیں جہاں فارم 14الیکشن کے تھیلے میں نہیں پایا گیا یہاں سے پریذائیڈنگ افسر کا نتیجہ نہیں نکلا، 178پولنگ سٹیشنوں پر فارم پندرہ موجود نہیں پایا گیا، پانچ پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جن کے تھیلوں میںکوئی کاؤنٹر فائل سرے سے ملا ہی نہیں، 12پولنگ سٹیشنوںکے تھیلوں سے الیکشن دستاویزات کے بجائے ردی کاغذ برآمد ہوئے، دس پولنگ اسٹیشنوں میں تھیلے ہی موجود نہیں تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہم کسی طالع آزما سے بچنے کیلیے سڑکوں پر نہیں آرہے۔

تبصرے بند ہیں.