ایم کیو ایم نے نادرا سے انگوٹھوں کی تصدیق کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے نادرا سے ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرنے والے نظام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی اور پی ایس 128 سے رکن صوبائی اسمبلی وقار حسین شاہ کی جانب سے ایڈوکیٹ ابرار حسن نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کے لئے نادرا کا نظام ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہیں کرپارہا لیکن اس کے باوجود اسی نظام پر اکتفا کیا جارہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے اور الیکشن ٹریبونل میں نادرا کی رپورٹ کی بنیاد پر متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف پروپگینڈہ شروع کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے ایم کیو ایم کے اقبال محمد خان کامیاب ہوئے تھے جس پر تحریک انصاف کے امیدوار زبیر خان کی جانب سے الیکشن ٹربیونل سے ووٹوں کی دوبارہ تصدیق کی درخواست کی گئی تھی۔ ووٹوں کی تصدیق کے بعد نادرا نے 77 ہزار سے زائد ووٹ ناقابل تصدیق قرار دیئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.