ایف بی آر نے کسٹمزڈیوٹی کے ڈیفالٹرز کیلیے ایمنسٹی کا اعلان کردیا

اسلام آباد: ایف بی آر نے کسٹمز ڈیوٹی کے ڈیفالٹرز کیلیے ایمنسٹی کا اعلان کردیا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کی طرف سے گزشتہ روز باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے ٹیکس دہندگان جن کے خلاف ایڈجوڈیکیشن آرڈرز جاری ہوچکے ہیں لیکن انہوں نے ایڈجوڈیکیشن آرڈر میں متعین کردہ کسٹمز ڈیوٹی کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہے یا وہ ٹیکس دہندگان جن کے ذمے کسی بھی مد میں کسٹمز ڈیوٹی کے واجبات ہیں مگر انہوں نے وہ واجبات جمع نہیں کرائے ہیں اور ان پر جرمانے و اضافی ٹیکس عائد کیے گئے ہیں، اگر وہ ڈیفالٹرز 30 جون 2013 تک کسٹمز ڈیوٹی کے تمام اصل واجبات جمع کرا دیتے ہیں تو انہیں جرمانے معاف کردیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایسے کسٹمز ڈیوٹی کے نادہندگان جن کے ذمے کسٹمز ڈیوٹی کے واجبات ہیں مگر انہوں نے اس کے ساتھ ہی ڈیوٹی ڈرا بیک کیلیے ریفنڈ کلیم کررکھے ہیں انہیں بھی کسٹمز ڈیوٹی کے اصل واجبات جمع کرانے پر جرمانے کی معافی ہوگی تاہم مذکورہ نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل جن کسٹمز ڈیوٹی کے نادہندگان کی طرف سے ایف بی آر کو اصل رقم کے ساتھ ساتھ جرمانے ادا کیے جاچکے ہونگے ان پر اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا اور نہ انہیں ان سے وصول کردہ جرمانے کی رقم واپس کی جائیگی۔

تبصرے بند ہیں.