ایف بی آر نے اکتوبر تا دسمبرٹیکس ہدف610ارب مقررکردیا

اسلام آ باد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی(اکتوبر تا دسمبر)کے لیے610.3 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کردیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں27.7 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ایف بی آر کو رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے لیے مقررہ 1121.1 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پہلی سہ ماہی میں 29 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کو بھی پورا کرنا ہوگا بصورت دیگر رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوجائیگا جبکہ رواں ماہ (اکتوبر)کے لیے 164.9ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں22.2 فیصد زیادہ ہے۔ اس ضمن میں کو ایف بی آر سے دستیاب اعدادوشمار میں بتایا گیاکہ ایف بی آر کی طرف سے رواں سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر)کے لیے مقرر کردہ 610.3ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مد میں 256.6 ارب روپے جمع کرنا ہونگے، یہ ہدف گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں انکم ٹیکس کی198.8ارب کی وصولیوں سے 29.1فیصد زیادہ ہے۔اعداد وشمار کے مطابق رواں سہ ماہی کے لیے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں 245.5ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں سیلز ٹیکس کی194.6ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں26.2فیصد زیادہ ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیوں کا سہ ماہی ہدف 34.9 فیصد کے اضافے سے 39.8ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں29.5 ارب روپے رہی تھیں، رواں سہ ماہی کے لیے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 68.4ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں 55ارب روپے کی کسٹمزڈیوٹی وصولیوں سے 24.4 فیصد زیادہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.