ایشین ٹائٹل کا حصول، قومی ہاکی ٹیم نے شائقین کے دل جیت لیے، سابق اولمپئنز

سابق اولمپئنز نے قومی ہاکی ٹیم کے ایشین ٹائٹل جیتنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس نے عمدہ کھیل سے شائقین کے دل جیت لیے۔ امید ہے کہ کھلاڑی بہتری کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے مزید فتوحات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے، سمیع اللہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے سے محروم رہ جانے کے بعد پاکستان کو دوبارہ عروج کی طرف سفر شروع کرنے کیلیے ایسی کامیابی کی اشد ضرورت تھی، کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا دفاع کیا، تاہم بڑے ٹائٹلز پر قبضہ جمانے کیلیے مزید محنت اور طویل مدت پلاننگ کرنا ہو گی، وزیر اعظم چیف پیٹرن کے طور پر کھیل کی سرپرستی کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ پاکستان ہاکی کا سنہری دور واپس لایا جاسکے، ریحان بٹ نے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، گرین شرٹس دنیاکی تمام ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے، پی ایچ ایف پر بلاوجہ تنقید کرنے والے سابق اولمپئن تنقید کرنے کے بجائے مل کر کام کریںتو پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ سینئر ٹیم کا اگلا ہدف اب اولمپکس کیلیے کوالیفائی کرنا ہے، حکومت قومی کھلاڑیوں کیلیے مستقل ملازمتوں کا فوری اعلان کر ے تاکہ ان کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد سابق اولمپئنز کو ہاکی کے فروغ کیلیے کام کرنے کی دعوت عام دے چکے ہیں، وہ قومی کھیل کی بہتری کا سوچیں تو بہتر ہوگا۔ اولمپئن شیخ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ایشین اعزاز کا دفاع بہت بڑی کامیابی اور اچھا شگون ہے، اس فتح سے اگلے ماہ ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کیلیے بھی حوصلے بڑھیں گے،کیونکہ موجودہ سینئر ٹیم میں بہت سے جونیئرز بھی شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سابق اولمپئنز پاکستان کا سرمایہ ہیں جس پاکستان اور ہاکی نے انہیں اتنی عزت دی انہیں اس پر تنقید نہیں کرنا چاہیے۔ سا بق اولمپئن اشتیاق احمد اورانجم سعید نے پاکستان کی کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے جاپان کیخلاف انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی، جیت سے پاکستان کا مورال بلند ہوگا اور پلیئرز آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.