ایشیا ویمنز چیلنج کپ، سنگاپور نے پاکستان کو برانز میڈل سے محروم کردیا

بنکاک: ویمنز ایشیا چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں سنگاپور نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دیکر برانز میڈل سے محروم کردیا، میزبان تھائی لینڈ نے سری لنکا کو 3-0 سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔ بنکاک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ویمنز ایشیا چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کیلیے پاکستان کا مقابلہ سنگا پور سے تھا۔ حریف ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 2-1 سے زیر کرتے ہوئے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ بعدازاں ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ تھائی لینڈ اور سری لنکا کے مابین ہوا۔ میزبان سائیڈ نے پہلے ہاف کے آغاز میں ہی گول داغ کر مہمان کھلاڑیوں کے حوصلے پست کردیئے۔ دوسرے ہاف میں بھی مقابلہ تھائی لینڈ کے نام رہا اس نے مزید 2 گول داغ کر ٹائٹل پر قبضہ جمالیا، لیگ میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک رسائی پانے والی سری لنکن ٹیم سلور میڈل کی حقدار ٹھہری، پانچویں پوزیشن کے میچ میں میانمار نے کمبوڈیا کو12-0 سے زیر کرلیا۔فاتح سائیڈ نے پہلے ہاف میں 5 اور دوسرے میں 7 گول کئے۔ پہلی بار کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرنے والی کمبوڈیا کی ٹیم ٹورنامنٹ میں ایک بھی کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ یادرہے کہ یکم ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان، سری لنکا، سنگاپور، کمبوڈیا، میانمار اور میزبان تھائی لینڈ کی ٹیمیں شریک تھیں، گرین شرٹس ٹیم ٹورنامنٹ کے 5 لیگ مقابلوں میں سے 2جیت کر چوتھے نمبر پر رہی، سنگاپور نے لیگ میچ میں پاکستان کو ایک گول اور اتوار کو تیسری پوزیشن کے مقابلے میں2-1 سے زیر کیا۔

تبصرے بند ہیں.