لاہور:وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے وزارتوں سے استعفیٰ دے دیئے۔سردار ایاز صادق نے وزارت سے استعفی دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر مستعفی ہو رہا ہوں، اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا، پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کرتا رہوں گا،دوسری طرف صوبائی وزیر داخلہ عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اقتصادی امور ایا زصادق نے استعفی دے دیا، ایاز صادق نے استعفیٰ ضمنی الیکشن کی وجہ سے دیا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہے ہیں وہاں وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزرا دورہ نہیں کرسکتے، اس کے علاوہ ان حلقوں میں سرکاری سطح پر ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان نہیں کیا جاسکتا۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا تھا، جس کے بعد ان خالی حلقوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن کمپین مریم نواز نے سنبھالی ہوئی ہے۔دوسری طرف صوبائی وزیر سلمان رفیق نے استعفی دے دیا، انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو بھجوا دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سلمان رفیق کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔یاد رہے کہ خواجہ سلمان رفیق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کے بھائی ہیں۔خیال رہے کہ سلمان رفیق حمزہ شہباز کی کابینہ میں صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن تھے۔
تبصرے بند ہیں.