آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کا 281 رنز کے ہدف آسٹریلیا نے 49 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
آسٹریلوی اننگز کی خاص بات اوپنر ایرون فنچ کی سنچری کے ساتھ شان مارش کی 91 رنز کی ناقابل شکست بیٹنگ نے نمایاں کردار ادا کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان نے حارث سہیل 101،عمر اکمل 48 اور شان مسعود کے 40 رنز کی بدولت 280 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 63 رنز کی عمدہ اوپن شراکت قائم کی،24 رنز بنانے والے عثمان خواجہ کو فہیم اشرف نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
دوسری وکٹ پر ایرون فنچ نے ون ڈاؤن بیٹسمین شان مارش کے ساتھ مل کر 172رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور آسٹریلیا کی جیت کو مستحکم بنادیا۔
ایرون فنچ نے اس دوران کئی خوبصورت شارٹ کھیلے اور اپنی سنچری مکمل کی وہ 8 چوکوں اور 4 چھکے لگانے میں کامیاب رہے۔
235 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ 116 رنز کی اننگز کھیل کر محمد عباس کی پہلی وکٹ بن گئے۔
تیسری وکٹ پر شان مارش اور ہینڈز کامب نے 46رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی،شان مارش 91 اور ہینڈز کامب 30رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے،یوں آسٹریلیا نے 281رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف اور محمد عباس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
تبصرے بند ہیں.