آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لوگو کی رونمائی

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لوگو کی رونمائی ہوگئی، 2017 میں شیڈول میگا ایونٹ تک پہنچنے کی راہ کا تعین ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ابوظبی میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لوگو کی رونمائی کردی گئی، اس خصوصی تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کے ہمراہ مصباح اور اسمتھ بھی موجود تھے، دونوں کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز پیر سے ہورہا ہے۔ یہ آئیکون لوگو لندن کی ایک ایجنسی ’بلٹ پروف‘ نے تیار کیا جو تھری ڈی میں بھی بنایا گیا ہے۔ ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ یہ لوگو اس سفر کی عکاسی کرتا ہے جو تمام ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کو اگلے چار برس میں طے کرنا ہے، یہ ایونٹ کی عالمی اہمیت کا بھی مظہرہے۔ٹیسٹ چیمپئن شپ تک جانے والے راستے کی وضاحت کرتے ہوئے رچرڈسن نے کہا کہ اس ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا تعین رینکنگ سے کیا جائیگا جس میں یکم مئی 2013 سے 31 دسمبر 2016 تک ٹیموں کی ٹیسٹ پرفارمنس اہم رہے گی، 31 دسمبر 2016 کے بعد جاری ہونے والی رینکنگ میں جوچار ٹیمیں ٹاپ پر موجود ہوں گی وہ 2017 میں انگلینڈ میں شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلیں گی۔ اس موقع پر مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ فارمیٹ کرکٹ کا سرتاج ہے، اس طرز کی چیمپئن شپ باہمی مقابلوں کی اہمیت میں مزید اضافہ کرے گی جس سے ہر ٹیم کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں چیمپئن بننے کا موقع موجود ہوگا۔ گریم اسمتھ نے کہا کہ اب اس چیمپئن شپ کیلیے راستے کا واضح تعین ہوگیا،اب سب کو یہ بات معلوم ہوگی کہ مخصوص تاریخ تک ٹاپ فور میں شامل ٹیمیں ہی میگا ایونٹ میں شریک ہوںگی۔

تبصرے بند ہیں.