اوپن مارکیٹ، ڈالر پہلی بار 102.60 روپے کا ہوگیا

کراچی: اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری منگل کو نمایاں ہوگئی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکی ڈالر کی قدر102.60 روپے تک پہنچ گئی۔ منی مارکیٹ کے باخبر ذرائع کے مطابق خام تیل کی مد میں بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ اور عمومی سطح پر ڈالر کی طلب میں اضافے کے باعث پاکستانی کرنسی بے قدری کا شکار ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل کو تجارتی بینکوں کو متعلقہ ذمے دار ادارے کی جانب سے زرمبادلہ کی مطلوبہ یومیہ ضروریات کے مطابق عدم فراہمی کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی نسبت روپے کی قدر دباؤ کی زد میں رہی اور انٹربینک کی سطح پر ڈالر کی قدر 35 تا 40 پیسے کے اضافے سے100.70 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ انٹربینک کی سطح پر ڈالر کی قدر میں اضافے کے منفی اثرات اوپن مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے جہاں فی ڈالر 102.60 روپے کی تاریخ ساز سطح تک پہنچ گیا جسکے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 105 روپے تک پہنچنے بازگشت بھی پھیلی جس نے عمومی طلبگاروں کو ڈالر میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا لیکن اوپن مارکیٹ میں ڈال کی قلت کی وجہ سے متعدد ایکس چینجز کمپنیوں نے امریکی ڈالر کی فروخت بند کردی تھی۔

تبصرے بند ہیں.