انگلش کرکٹ، بھارتی سٹے بازوں کی دلچسپی بڑھنے لگی

لندن: انگلش کرکٹرز میں بھارتی سٹے بازوں کی دلچسپی بڑھنے لگی، ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران مشتبہ افراد کوگراؤنڈ سے بے دخل کر دیا گیا۔ یہ لوگ بھارت میں بک میکرز کو میچ کی معلومات فراہم کر رہے تھے، کچھ عرصے قبل بھی کئی ایسی کارروائیاں کی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ای سی بی اینٹی کرپشن آفیسرز نے گزشتہ دنوں ٹوئنٹی 20 میچ کے دوران 2 مشتبہ افراد کو کاؤنٹی گراؤنڈ سے باہر نکال دیا، ان پر ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے اس میچ کی ہر گیندکے بارے میں بھارت میں موجود غیر قانونی بک میکرز کو معلومات فراہم کرنے کا الزام تھا، یہ مقابلہ اسکائی اسپورٹس پر بھارت اور براعظم کے دیگر ممالک میں براہ راست دکھایا گیا۔ اینٹی کرپشن آفیسرز نے بھارت سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو اس وقت شناخت کیا جب وہ فون پر ہر گیند کے بارے میں بتا رہے تھے، یہ ’ایجنٹس‘ غیر قانونی جوئے کے اڈوں کیلیے کام کررہے تھے، جن کا مقصد ’اسپاٹ بولنگ‘ پر فائدہ اٹھانا تھا، جہاں جواری میچ کے فیصلے کے ساتھ نو بالز یا چھکوں پر بھی بازی لگا سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.