لاہور/سیالکوٹ/فیصل آباد/ گوجرانوالہ( مانیٹر نگ ڈیسک )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زیر التواء انکم ٹیکس ریفنڈز کے اجراء کے حوالے سے روززانہ کی بنیاد پر اعدادوشمار جاری کئے جائیں تاکہ عملی اقدامات حقیقی طور پر سامنے آ سکیں ، کاروبار چلے گا تو معیشت چلے گی اس لئے مارکیٹ سے سرمائے کی قلت دور کرنے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں ،سالانہ اربوں روپے ٹیکس اور لاکھوں لوگوں کوروزگار فراہم کرنے والے تاجر وں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجرعہدیداروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں کی بدولت حکومت نے زیر التواء انکم ٹیکس ریفنڈز کے اجراء کا اعلان کیا ہے جس پر لاہور چیمبر کے عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں۔مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے متعلقہ محکمے سے مکمل رابطہ رکھا جائے اور اسے پابند کیا جائے کہ فنڈز کے اجراء کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کئے جائیںتاکہ حقائق سامنے آ سکیں ۔ اشرف بھٹی نے تاجر رہنمائوںکو یقین دہانی کرائی کہ ان کے دیرینہ مطالبات کے حوالے سے لاہور سمیت تمام چیمبرز سے بات کی جائے گی اور ان سے درخواست کریں گے کہ تاجروں کے مسائل کو حکومت کے سامنے اجاگر کیا جائے ،فوکل پرسنز کی تعیناتی کادیرینہ مطالبہ بھی حکومت کے سامنے رکھیں گے تاکہ مسائل کے حل کے لئے رابطے کرنے میں آسانی ہو ۔
تبصرے بند ہیں.