انارکلی دھماکا؛پولیس کی ہوٹلوں میں کام کرنے والے افراد سے تفتیش
لاہور: پولیس نے انار کلی بم دھماکے کی تحقیقات کےلئے ہوٹلوں میں کام کرنے والوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مقامی رہائشیوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ لاہور پولیس انتہائی سرگرمی کے ساتھ پرانی انار کلی کی فوڈ اسٹریٹ میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کررہی ہے، پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد کی مقدار انتہائی کم تھی اور دھماکے کا مقصد لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ بارودی مواد ریفریجرٹر میں رکھا گیا تھا جس کا کمپریسر ثابت حالت میں ملا ہے، دھماکے کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان شیشے کی بوتلوں کے ٹوٹنے اور وہاں موجود دھاتی اشیا کے لگنے سے ہوا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے دھماکے کی جگہ پر موجود تمام موٹر سائیکلوں اور دیگر سامان کو قبضے میں لے لیا ہے۔ واقعے کی تفتیش کے لئے اطراف کے ہوٹلوں میں کام کرنے والے افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ مقامی رہائشوں سے بھی ان کے گھر آنے والے مہمانوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ انارکلی بازار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کا علاقہ ہے اور یہاں سے وزیر اعظم میاں نواز شریف کامیاب ہوئےہیں
تبصرے بند ہیں.