اسلام آباد (نیوزرپورٹر)سعودی حکومت نے امسال خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق الحرمین الشریفین کے امورکی ذمے دار پریذیڈینسی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اسلام کا پیغام پوری دنیا میں موجود مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے خطبہ حج دس عالمی زبانوں میں نشر ہوگا۔الشیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ امسال اردو، انگریزی، فارسی، بنگلا، ترکی، فرانسیسی، چینی، روسی، ہاؤسا اور مالے زبان میں خطبہ حج نشر ہوگا۔گزشتہ سال خطبہ حج کا ترجمہ پانچ زبانوں میں نشر ہوا تھا۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے جون میں اس سال کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار عزام کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں جن کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا ہے،ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فیصد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری ہیں۔منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ،وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں الگ الگ کمروں میں مقیم رہیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.