امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما ملا سنگین زدران کی ہلاکت کا انکشاف

اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما سمیت 6 مبینہ عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کی رات شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے 6 افراد ميں حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما اور افغان صوبہ پکتیکا میں طالبان کی جانب سے تعینات کیے گئے گورنر ملا سنگین زدران بھی شامل تھے، رپورٹ میں پاکستانی حساس ادارے کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد ميں 3 مصری شہری زبیر المودی، ابودجان خراسانی ، محمد بلال اور 2 پاکستانی شہری ارشد اور اجمل شامل تھے۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے افغانستان میں نیٹو افواج پر ہونے والے طالبان حملوں میں حقانی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، امریکا کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کی اعلی قیادت شمالی وزیرستان سے افغانستان پر حملے کراتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.