اسلام آباد: پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مضبوط اور مستحکم کرنے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امریکی سفیر کو اسناد پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی احترام، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے ڈونلڈ بلوم دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کرینگے، رواں سال پاک امریکا تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے، دونوں ممالک اس تاریخی موقع کو بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ جس سے دوطرفہ اور عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ پاکستان میں معاشی اور آبادیاتی صلاحیت بہت زیادہ ہے اور امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی بڑی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک معاہدے کی وزارتی میٹنگ اس سال کے آخر میں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف ڈائیلاگ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت اور صحت کے شعبوں میں ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر مزید تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون سے افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور زلزلے سے متاثرہ ملک میں انسانی بحران کو روکنے میں مدد ملے گی۔ملاقات کے دوران شہباز شریف نے بی جے پی کے دو عہدیداروں کی جانب سے نبی ﷺ کی ہستی کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔وزیراعظم نے بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اخلاقی اور معیاری ذمہ داریوں کو پورا کرے، بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے سفیر کو اسناد پیش کرنے پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ سفیر پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور بڑھانے کے لیے اپنا کردار اد اکرینگے۔سفیر بلوم نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے افغانستان سے انخلاء میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کی فوری اور موثر مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
تبصرے بند ہیں.