امریکا پاکستان کو 7.8 ملین ڈالر کے جاسوس اور جنگی روبوٹ دیگا
واشنگٹن: امریکا پاکستان کو 7.8 ملین ڈالر مالیت کے ٹالون فور روبوٹ فراہم کرے گا۔ امریکی اور فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میسا چوسٹس کی QinetiQ نارتھ امریکن فرم کو مقررہ قیمت 7,772,646 ڈالر میں ٹالون فور نامی گاڑیوں، پرزہ جات کی خریداری اور تربیت کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ یہ ٹھیکہ فارن ملٹری سیلز کی مد میں 100 فیصد پاکستان کیلیے دیا گیا ہے۔ روبوٹس کی تیاری میں99 فیصد کام میساچوسٹس اور ایک فیصد پاکستان میں کیا جائے گا،منصوبہ دسمبر 2013 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ فرانسیسی دفاعی ایئرو اسپیس کی رپورٹ کے مطابق اس بغیر پائلٹ روبوٹ سے ایک فوجی طویل فاصلے سے جاسوسی کامشن انجام دے سکتا ہے۔اس کا بنیادی کام جاسوسی ،دشمن کی افواج پر حملہ اور سڑک کنارے بموں کی تنصیب اور دھماکا خیز ڈیوائسز جیسے خطرناک امور کی انجام دہی کیلیے فوجی اہلکاروں کی مدد کرنا ہے۔ ٹالون روبوٹ میساچوسٹس کے والٹہم کی فاسٹر ملٹر کی طرف سے تیار کیا جاتا ہے۔ ریموٹ کنٹرول سے چلایا جانے والا یہ روبوٹ جاسوسی سے لے کر جنگی امور تک انجام دیتا ہے۔ یہ سیڑھیاں چڑ ھ سکتا ہے اور 7 دن تک مسلسل کام کرسکتا ہے، بیٹری کو ری چارج کرنا پڑتا ہے، اسے فوجی اہلکار ایک ہزار میٹر کی دوری سے آپریٹ کرسکتا ہے۔ 60 سے 100 پونڈ وزنی اس روبوٹ کی قیمت 60 ہزار ڈالر ہے۔امریکی فوج کا یہ 2000 سے حصہ ہیں اور دنیا بھر میں 3 ہزار سے زائد ٹالون روبوٹ تعینات کیے جاچکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.