امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، اسحاق ڈار

اسلام آ باد: وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان میں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت نے گردشی قرضوں کا مسئلہ حل کرنے کیلیے جراتمندانہ اقدامات کیے ہیں، اس بات کویقینی بنایاجارہاہے کہ مستقبل میں یہ مسئلہ دوبارہ پیدا نہ ہو۔ جاری سرکاری اعلامئے کے مطابق انھوں نے منگل کودبئی میں دوروزہ پاک امریکا سرمایہ کاری کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ایک قدم سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد اور سرمایہ کاری کا سلسلہ بحال ہوجانا چاہیے،انھوں نے کہاکہ پاکستان کو3 سنگین چیلنجوں توانائی کابحران، معیشت کی بحالی اور انتہاء پسندی کاسامناہے، یہ تینوں چیلنجز یکساں توجہ کے متقاضی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجزپرقابو پائے بغیر ترقی ممکن نہیں، معاشی ترقی کیلیے نجی شعبے کے کردارکومزید بڑھائیں گے۔انھوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کا قرضہ واپس کرنے کیلیے ہی نئے قرضے کی بات کررہی ہے۔ وزیرخزانہ نے اس موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا، توانائی، تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جبکہ بینکاری، مالیات اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں مین بھی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ادائیگیوں کے توازن اورمالیاتی خسارے کوکم کرنے کیلیے سنجیدہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع موقع موجودہیں، اس کانفرنس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسرآئیں گے،ہم کانفرنس میں پیش ہونے والی تمام تجاویز کو عملی شکل دیں گے،پاکستان میں آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا موجود ہے۔ پاکستان میں امریکی سفیررچرڈ اولسن نے کہاکہ امریکا کی مدد سے پاکستان میں بجلی کی پیداوارمیں 965 میگاواٹ کااضافہ ہوا،پاکستانی کمپنیوںکی استعدادکاربڑھانے میں مدد کرینگے۔

تبصرے بند ہیں.