امارات ، اسرائیل معاہدہ خطے میں امن کی طرف اہم پیش رفت ہے،امریکا

امید ہے علاقائی امن تک پہنچنے کے لیے نئے معاہدے کی رفتار کو بڑھایا جائے گا،مائیک پومپیو

ابوظہبی(مانیٹر نگ ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والا امن سمجھوتہ خطے میں پائیدار امن کی طرف اہم قدم ثابت ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ بات گزشتہ روز بو ظبی میں اماراتی قیادت سے ملاقات سے قبل کی۔ابو ظبی پہنچنے پر امریکی وزیر خارجہ کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ متحدہ عرب امارات،اسرائیل معاہدہ 25 سال سے زیادہ عرصے میں مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے کی جانے والی مساعی میں سب سے اہم اقدام ہے۔انہوں نے علاقائی امن تک پہنچنے کے لیے نئے معاہدے کی رفتار کو بڑھانے کی امید کا بھی اظہار کیا۔مزید برآں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگوس نے ایک بیان میں کہا کہ مائیک پومپیو نے اماراتی قیادت سے ملاقات میں علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے لیبیا میں مستقل جنگ بندی ، خلیجی خطے کا اتحاد ، اور خطے میں ایران کے “تخریبی” کردار کو محدود کرنے کے لیے مزید موثر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان نے کہا کہ پومپیو نے ابو ظبی میں اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید اور قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید سے ملاقات کی۔

تبصرے بند ہیں.