اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاک بھارت وزرائےاعظم ملاقات کی کوشش کی جائے گی، دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اگر بھارتی وزیراعظم بھی وہاں ہوئے تو ہم قیادت کی سطح پر ملاقات کی کوشش کی جائے گی۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام کا واحد راستہ مفاہمت ہے، افغانستان میں مفاہمت کے عمل میں کئی چیلنج درپیش ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے حل میں ضبط و تحمل اور صبر سے کام لینے پر زور دیا ہے،مفاہمتی عمل کے مثبت نتائج کے لئے تمام فریقوں کو شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تلخی کے بجائے افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، ہم ایک متحد، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری نیک نیتی کا اسی جذبے سے جواب دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خاجہ نے کہا کہ چین ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے رہنما اصولوں کے تحت پاکستان سے تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات اور ہاہمی معاملات کے حل کے لئے جامع مذاکراتی عمل کی بحالی پر یقین رکھتی ہے وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اگر بھارتی وزیراعظم بھی وہاں ہوئے تو ہم قیادت کی سطح پر ملاقات کی کوشش کریں گے۔ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ مصر کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کو مصر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کا دکھ ہے اور امید ہے کہ مصر کی حکومت اور عوام جمہوری انداز میں صورتحال پر قابو پا لیں گے۔
تبصرے بند ہیں.