افغان صدر اشرف غنی کی لاہورآمد، وزیراعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

افغانستان کے صدر اشرف غنی لاہور پہنچ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ مہمان صدر نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے پرجوش مصافحہ کیا جس کے بعد روایتی لباس پہنے بچوں نے افغان صدر کو گلدستے پیش کئے۔ وزیراعلی پنجاب کہتے ہیں افغان صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے. سرکاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر لاہور ائیر پورٹ پہنچے تو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے افغانستان صدر اشرف غنی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ افغان صدر کی آمد دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے۔ ان کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز اور حالیہ دورے سے پاک افغان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں،خطے کی پائیدار ترقی اور استحکام کیلئے امن ناگزیر ہے۔ پاک افغان تعلقات مضبوط ہونے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، امن کے سفر کیلئے ہمیں مل کر قدم بہ قدم چلنا ہے۔ پاکستان کے دل لاہور آنے پردلی خوشی ہوئی ہے۔افغان صدر کی آمد پر چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ مہمان صدر لاہور میں پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرٰیں گے، شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کے بعد شاہی قلعے بھی جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.