اغوا کا ڈرامہ رچانے والا تاجر کا ڈرائیور گرفتار

کراچی: سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے فیروز آباد پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچانے والے تاجر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے نے بتایا کہ فیروز آباد کے رہائشی تاجر نعیم نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کا ڈرائیور بچوں کو اسکول سے گھر چھوڑ کر گیا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد اسے ایک ٹیلی فون کال آئی جس میں بتایا گیا کہ اس کے ڈرائیور ظفر علی کو اغوا کرلیا گیا ہے اور ملزمان نے اس کی بازیابی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے ، فیروز آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 461/13 درج کر کے تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کو منتقل کر دی۔احمد چنائے نے مزید بتایا کہ اس دوران ملزمان اور تاجر نعیم کے درمیان بات چیت جاری رہی اور معاملہ 50 لاکھ سے 5 لاکھ روپے پر طے کیا گیا، ملزمان نے جمعے کی شب سائٹ ایریا غنی چورنگی پر تاوان کی رقم کی ادائیگی کے لیے بلایا جہاں سی پی ایل سی ، اے وی سی سی اور فیروز آباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا جس پر انکشاف ہوا کہ ملزم ہی دراصل مغوی ہے اور اس نے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا، احمد چنائے کا کہنا تھا کہ ملزم کے 2 ساتھی مفرور ہیں جبکہ گاڑی بھی پولیس نے برآمد کرلی ہے۔

تبصرے بند ہیں.