اعلیٰ حکام کے فیصلوں پر رسمی ’’مہریں‘‘ آج ثبت ہوں گی

لاہور: پی سی بی اعلیٰ حکام کے فیصلوں پر ’’مہریں‘‘ منگل کو ثبت ہوںگی،گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ،پاکستان سپر لیگ سمیت انتظامی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی پر ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

ڈومیسٹک فرسٹ کلاس پروگرام اور ریجنل ٹیموں کے اسپانسر شپ معاملات بھی زیرغورآئیں گے، کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحفظات دور کرنے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے،گذشتہ میٹنگ کے مسودات اور بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا 37واں اجلاس منگل کی صبح 11بجے لاہور میں ہوگا، عام طورپر یہ رسمی میٹنگ ہی ہوتی ہے، گزشتہ کئی برس سے ایسی کوئی مثال سامنے نہیں آئی کہ کسی رکن نے اعلیٰ حکام کے فیصلے کو ویٹو کیا ہو، سب خاموشی سے ہاں میں ہاں ملاتے رہتے ہیں، منگل کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی زیر صدارت میٹنگ میں قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ پر خاص طور پر بات ہوگی، کھلاڑیوں کی جانب سے سیریز کے ساتھ ہر میچ جیتنے پر بھی بونس اور ماہانہ تنخواہوں میں اضافہ کے مطالبات سامنے آئے تھے،جواب میں پی سی بی نے ہر طرح کا بونس ختم کرکے مشاہرے میں دگنا اضافے کی پیشکش کر دی، سابقہ پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے صرف تنخواہوں میں20فیصد اضافے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

تبصرے بند ہیں.