لاہور( شوبزڈیسک )معروف کلاسیکل گائیک استاد حامد علی خان نے کہا ہے کہ اصل اور حقیقی موسیقی کو آج بھی کوئی زوال نہیں اور اس کو سمجھنے اور سننے والوں کی کثیر تعداد موجود ہے ، فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اس لئے کسی بھی ملک کو فن کے معاملے میںلکیر نہیں کھینچنی چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ آج کی نئی نسل جس فن کو آگے بڑھا رہی ہے میں اس کی مخالفت نہیں کرتا کیونکہ میرا ماننا ہے جو فن خالص اور حقیقی ہوگا وہ اپنی جگہ اور مقام بنا لے گا اور جو اس معیار پر پورا نہیں اترے گا اس کی زندگی عارضی ہی ثابت ہوگی ۔ آج کی نوجوان نسل ماضی میں پیش کئے گئے گیتوں کو نئے رنگ سے پیش کر رہی ہے جو خالص موسیقی کی مقبولیت کی پہچان ہے ۔ استاد حامد علی خان نے کہا کہ جو لوگ موسیقی کے فن کو پروموٹ کرنے کے دعوے کررہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ حقیقی موسیقی کو فروغ دیںاور اپنی ثقافت کو ہرگز پس پشت نہ ڈالیں کیونکہ وقت آنے پر انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.