اسٹاک مارکیٹس کی ڈی میوچلائزیشن کا عمل جلد مکمل کرنیکی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی )کو ہدایت کی ہے کہ فریقین کی مشاورت سے اسٹاک مارکیٹس کی ڈی میوچلائزیشن کاعمل بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں چیئرمین ایس ای سی پی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے سال 2008 کے بحران کے بارے میں تیار کردہ رپورٹ کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین ایس ای سی پی کو ہدایت کی اس رپورٹ کو جلد جاری کیا جائے اور پبلک کیا جائے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں وزیر خزانہ کو اسٹاک ایکس چینجز کی ڈی میوچلائزیشن، 2008 کے اسٹاک ایکس چینج بحران کے حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ اسٹاک ایکس چینجزکو اسٹریٹجک انویسٹرز، عوام اور مقامی مالیاتی اداروں کے بلاک شدہ اکاؤنٹس میں پڑے شیئرز 25 اگست تک فروخت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کیونکہ اسٹاک ایکس چینجز کارپوریٹائزیشن، ڈی میوچلائزیشن اینڈ انٹیگریشن ایکٹ 2012 کے تحت اسٹاک ایکس چینجز کے لیے بلاک شدہ اکاؤنٹس میں پڑے شیئرز میں کچھ شیئرز کی فروخت لازمی ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ ملکی اسٹاک ایکس چینجز اسٹریٹجک انویسٹرز، عوام اور مقامی مالیاتی اداروں کے بلاک شدہ اکاؤنٹس میں پڑے شیئرز کی نیلامی و فروخت کے لیے مختلف مختلف بین الاقوامی اسٹاک ایکس چینجز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے ٹیکنیکل سطح پر بھی باہمی مشاورت جاری ہے لیکن ابھی تک کچھ ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے اور نہ ہی اس حوالے سے کسی بھی کاؤنٹر پارٹ کی جانب سے کوئی سنجیدہ وعدہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اسٹاک ایکس چینجز کی ڈی میوچلائزیشن اور انٹیگریشن کے رجحان کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.